ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں /  بی بی سی کا نیوز روم سے 450 ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

 بی بی سی کا نیوز روم سے 450 ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

Thu, 30 Jan 2020 19:07:51    S.O. News Service

 لندن،30/جنوری (آئی این ایس انڈیا)برطانوی نشریاتی ادارے برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) نے اپنے بچت اہداف کو حاصل کرنے اور ’ناظرین کی ضروریات میں تبدیلیوں‘ کو اپنانے کے لیے اپنے نیوز روم سے 450 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کردیا۔فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ملازمتوں میں اس کٹوتی سے ایک ہفتہ قبل ہی بی بی سی کے باس ٹونی ہال نے اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ کارپوریشن کو یکساں معاوضے کے مطالبات اور مستقبل کے فنڈنگ ماڈلز کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔ادارے کے ڈائریکٹر نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز فرین انس ورتھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’بی بی سی کو سامعین کی جانب سے ہمیں استعمال کرنے کے بدلتے ہوئے انداز کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘۔بی بی سی کا کہنا تھا کہ وہ ’نشریاتی کے روایتی طریقوں پر بہت زیادہ اخراجات کررہا ہے اور ڈیجیٹل پر کیے جانے والے اخراجات ناکافی ہیں‘، ادارے کا ہدف 8 کروڑ پاؤنڈز یا ایک ارب 40 لاکھ ڈالر کی بچت کرنا ہے۔اس سلسلے میں صبح نشر ہونے والا ایک نیوز میگزین پروگرام ختم کیا جائے گا جبکہ ملازمتوں میں مزید کٹوتیاں فلیگ شپ سیاسی اور خبروں کے پروگرام کے ذریعے پروڈیوس کی جانے والی فلموں میں کمی کر کے کی جائیں گی۔اس کے علاوہ قومی ریڈیو اسٹیشن 5 لائیو میں بھی نوکریاں ختم کی جائیں گی جس کے لیے اس نشریاتی ادارے میں کام کرنے والے پریزینٹرز کی تعداد پر نظر ثانی کی جائے گی۔مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹیلی ویژن نشریات کے روایتی ناظرین کی تعداد میں مسلسل کمی ہورہی ہے،بالخصوص 16 سے 34 سال کی عمر کے افراد میں یہ رجحان زیادہ ہے۔ادارے کے جاری بیان کے مطابق ’بی بی سی کے نیوز روم کو ’اسٹوری لیڈ‘ یعنی خبر پر مرکوز ماڈل کے حوالے سے دوبارہ منظم کیا جائے گا جس میں پروگرامز اور دیگر پلیٹ فامز سے زیادہ خبروں پر توجہ دی جائے گی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ’یہ انتظام ہو بہو نقل سے بچنے کے لیے کیا جارہا ہے تا کہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ بی بی سی کی صحافت ناظرین کی مختلف اقسام کو مدِ نظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ اثر انداز ہو رہی ہے‘۔کارپوریشن کو مساوی تنخواہ کے تنازع کا بھی سامنا ہے جس میں یہ بات سامنے ا?ئی تھی کہ ایک ہی شو کرنے والی خاتون میزبان کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جارہا ہے اور انہیں مرد میزبان جرمی وائن کو دی جانے والی تنخواہ کے مقابلے اس رقم کے چھٹے حصے کی ادائیگی کی جارہی ہے۔اس کے ساتھ بی بی سی کو برطانیہ کی نئی حکومت کی جانب سے دباؤ کا بھی سامنا ہے جس کی جانب سے دورانِ الیکشن جانبدارانہ رپورٹنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔


Share: